وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر مشاورت کا عمل مکمل
پاکستان کے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی کے سربراہ کی تقرری کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان مشاورت کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات نے یہ تو واضح نہیں کیا کہ سیاسی و عسکری قیادت میں کس نام پر اتفاقِ رائے ہوا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ نئی تقرری کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
پاکستان میں جنرل ندیم انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تقرری بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ گذشتہ ہفتے پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے کہا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے تاحال کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کی سول اور فوجی قیادت نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کے لیے تمام ادارے متحد ہیں۔
’وزیر اعظم کی خواہش تھی ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض کچھ ماہ اور رہ جاتے‘
منگل کی شب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل فیض حمید کو اس عہدے پر مزید چند ماہ رکھنے کے خواہشمند تھے لیکن اب نئے ڈی جی کی تعیناتی طریقہ کار کے تحت ہو گی۔
انھوں نے نجی ٹی وی چینل سما نیوز پر بات کرتے ہوئے بتایا کے وزیراعظم عمران خان ایسا افغانستان میں جاری صورتحال کی وجہ سے چاہتے تھے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر کے مطابق منگل کو کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بتایا کہ انھوں نے اپنی ملاقات میں ملک کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کہا تھا کہ ’ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری طریقہ کار کے تحت ہوگی۔‘
اینکر ندیم ملک کے شو میں بات کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ‘میرے جنرل باجوہ سے آئیڈیل تعلقات ہیں۔ کسی بھی آرمی چیف کے وزیر اعظم سے اتنے آئیڈیل تعلقات نہیں ہوئے جتنے میرے تعلقات ہیں۔’
عامر ڈوگر کے مطابق وزیر اعظم عمران خان چاہتے تھے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مزید کچھ ماہ تک آئی ایس آئی کے سربراہ برقرار رہتے۔
‘(عمران خان نے کہا کہ) میری خواہش تھی کہ افغانستان کے مسئلے کے دوران جب ہم براہ راست اس کے متاثرین میں سے ہیں اور ہمارا ایک کردار ہے، تو ساری صورتحال میں جنرل فیض وہاں (اس عہدے پر) کچھ ماہ اور رہ جاتے۔’
انھوں نے کہا ‘(اب) لائحہ عمل یہ ہے کہ تین یا پانچ نام وزارت دفاع کی طرف سے آئیں گے جن میں سے ایک نام کا انتخاب وزیر اعظم کریں گے۔۔۔ وزیراعظم نہیں چاہتے کہ ایسا تاثر جائے کہ ہم فوج کو کمزور کر رہے ہیں۔’
انھوں نے شو کے دوران بتایا کہ ‘یہ پیشہ ورانہ فیصلہ ہے جو آرمی چیف کر رہا ہوتا ہے۔ اسے پتا ہے اپنے جرنیلوں میں کس کو کس پوزیشن پر کھلانا ہے۔۔۔ لیکن ایک طریقہ کار ہوتا ہے جس کی پیروی کی جاتی ہے۔ طریقہ کار میں کوئی خلا رہ گئی ہے۔’
عامر ڈوگر کے مطابق ‘عمران خان نے کہا جنرل ندیم صاحب کی شہرت بہت اچھی، بڑے پروفیشنل جنرل ہیں۔ ان کی ذات پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اور انھوں (فوج) نے جس نام کا اعلان کیا ہے وہ بہترین نام ہوگا۔’
‘(مگر) عمران خان قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔۔۔ سب چاہتے ہیں کہ حکومت تمام اداروں کو آئینی طور پر ساتھ لے کر چلے۔ مشاورت کا عمل بھی ہو۔’
وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ عمران خان نے آرمی چیف سے کہا کہ ‘آپ طریقہ کار اپنائیں ورنہ (ماضی میں) تو یہاں ربر سٹامپس لگتی رہی ہیں۔’
اس پر جب اینکر ندیم ملک نے عامر ڈوگر سے پوچھا کہ آیا عمران خان نے کابینہ اجلاس میں یہ بات کہی کہ ‘میں ربر سٹیمپ نہیں ہوں’ تو انھوں نے جواب میں کہا کہ ‘ساری باتوں کا تو آپ کو پتا ہے، میرے منھ سے آپ نے ضرور نکلوانا ہے۔’
’ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیراعظم کا اختیار ہے’
اس سے قبل منگل کو کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری میں قانونی طریقہ اپنایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجودہ کے درمیان بہت ہی قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر ‘دونوں کا اتفاق رائے ہے۔ اس میں اتھارٹی وزیر اعظم کی ہے۔’
فواد چوہدری نے بتایا کہ پیر کی شب وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ایک طویل نشست ہوئی تھی۔
انھوں نے کہا کہ ‘سوشل میڈیا پر دیکھتا ہوں۔ بہت لوگوں کی خواہشیں ہیں۔ میں ان کو یہ بتا دوں کہ کبھی بھی وزیر اعظم آفس ایسا قدم نہیں اٹھائے گا کہ فوج کا وقار کم ہو (اور) سپہ سالار کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے کہ سول سیٹ اپ کی عزت میں کمی آئے۔’
تاہم فواد چوہدری کے مطابق ‘ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے قانونی اور آئینی طریقہ اختیار کیا جائے گا۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر ہمیشہ مشاورت اور قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد کیا جائے گا۔’
انھوں نے مزید کہا کہ ’ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وزیراعظم کا اختیار ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری وسیع البنیاد مشاورت کے بعد کی جائے گی۔‘
آئی ایس آئی کے نئے سربراہ کے لیے فوج کی جانب سے منتخب کیے جانے والے لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس عہدے پر تعیناتی سے قبل کراچی کے کور کمانڈر کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔
اس عہدے پر تعیناتی سے وہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیں گے جو تقریباً ڈھائی سال تک اس عہدے پر فائز رہے۔